ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں وزیر اعظم مودی کی ریلی کے قریب کالج طلبہ نے ڈگریاں گلے میں ڈال کر بیچے پکوڑے

بنگلورو میں وزیر اعظم مودی کی ریلی کے قریب کالج طلبہ نے ڈگریاں گلے میں ڈال کر بیچے پکوڑے

Mon, 05 Feb 2018 11:30:57    S.O. News Service

بنگلورو،4؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)  کالج طلبہ کے ایک گروپ نے گلے میں ڈگریاں لٹکائے راہگیروں کو پکوڑے بیچے۔ روزگار کی تخلیق سے متعلق وزیراعظم نریندر مودی کے ریمارکس پر برہم ان طلبہ نے آج مودی کی ریلی کے قریب یہ اقدام کیا تاہم پولیس نے انہیں وہاں سے دور ہٹادیا۔ یہ واقعہ وزیراعظم کی ریلی سے چند گھنٹے قبل پیش آیا۔ طلبہ مہکری سرکل پر جمع ہوئے جو مودی کے جلسہ عام کے مقام پیالیس گراؤنڈ سے قریب واقع ہے۔

وزیراعظم نے حال ہی میں پکوڑا بیچنے اور روزگار کی تخلیق کو جوڑا تھا جس پر بطور احتجاج طلبہ نے اپنے گلوں میں ڈگری لٹکائے ہوئے راہگیروں کو پکوڑے بیچ کر منفرد انداز کا احتجاج کیا۔

وزیراعظم سے حال ہی میں ایک نیوز چینل پر دیئے گئے انٹرویو میں جب گزشتہ 4 برسوں کے دوران مناسب روزگار کی عدم فراہمی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا تھا کہ ایک شخص اس ٹی وی چینل کے اسٹوڈیو کے باہر پکوڑے بیچ کر روزانہ 200 روپئے کماتا ہے تو کیا اسے بھی بیروزگار سمجھا جائے گا۔

طلبہ نے ’’مودی پکوڑا‘‘’’امیت شاہ پکوڑا‘‘ اور ’’ڈاکٹر یدی پکوڑا‘‘ کے نام سے بیچا۔ کرناٹک بی جے پی کے صدر یدی یورپا کے نام پر یدی پکوڑا بیچا گیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پکوڑے مودی کی کی ریلی میں شرکت کے لئے جانے والے کارکنوں کو بھی دیئے گئے تاہم بعد میں پولیس نے ان کے گلوں سے ڈگریاں نکالیں اور انہیں تحویل میں لے لیا۔


Share: